اڈپی 29؍جولائی (ایس او نیوز)منی پال سیونتھ ہیون بلڈنگ میں واقع ایک تفریحی کلب میں گھس کر شرپسندوں نے کلب کے مالک کو تیز ہتھیاروں سے وحشیانہ انداز میں قتل کرڈالا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق یہ واردات دوپہر 12.30کے قریب پیش آئی جس میں ہلاک ہونے والے شخص کا نام گروپرساد (47سال) بتایا گیا ہے۔ گروپرساد پتور کے امباگیلو نامی گاؤں کا رہنے والاتھا اور تفریحی کلب کے مالکوں میں سے ایک تھا۔ پولیس کے بیان کے مطابق حلہ آور ایک ماروتی کار میں آئے تھے اور ہلاکت خیز ہتھیاروں سے گروپرساد پرحملہ کرنے کے بعد فرارہوگئے۔سمجھا جاتا ہے کہ کچھ مالی لین دین کا معاملہ اس قتل کا سبب ہوسکتا ہے۔
گروپرساد ایک سنسنی خیز اخبار ’ہائے ماروتھا‘ کے مالک و ایڈیٹرہتیندرا پرساد کا دوست تھا۔ ہتیندراپرساد کے انتقال کے بعد گروپرساد نے اسی انداز کا ’ستیہ‘ نامی اپنا اخبارنکالا۔لیکن یہ اس کے لئے خسارے کا سودا بن گیا تھا۔ابھی چار مہینے قبل گروپرساد تفریحی کلب کے بزنس میں شامل ہواتھا۔
منی پال پولیس نے جائے واردات پر پہنچ کر جائزہ لیا اورکیس درج کرنے کے بعد تحقیقات شروع کردی ہے۔